لاہور : سابق پاکستانی کرکٹر اظہر علی کے بڑے صاحبزادے ابتسام اظہر اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کرکٹ میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی خصوصی عید ٹرانسمیشن میں پروگرام کے میزبان نے اظہر علی کے گھر جاکر ان کے تینوں بیٹوں ابتسام اظہر، اذلان اظہر اور آذان اظہر سے بھی بات چیت کی۔
ابتسام اظہر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حالیہ ٹورنامنٹ میں 8 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فائنل میں بھی تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ابتسام اظہر کو 2025ء میں انڈر 19 اسکل اسیسمنٹ کیمپ کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جس سے ان کے قومی سطح پر نمائندگی کے امکانات روشن ہیں۔
اس حوالے سے ابتسام اظہر نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ میں مسلسل محنت کر رہا ہوں اور ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں اور خواہش ہے کہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے صرف محنت ہی نہیں بلکہ اسمارٹ ورک ہونا بھی ضروری ہے اور میں سینئرز سے سیکھنے کے ساتھ اپنی فٹنس اور ڈائٹ پر بھی خاص توجہ دے رہا ہوں۔
اس موقع پر اظہر علی نے کہا کہ جدید کرکٹ میں صرف گراؤنڈ میں پرفارم کرنا کافی نہیں بلکہ گراؤنڈ سے باہر بھی کھلاڑی کو ڈسپلن، فٹنس اور قربانیوں کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے 96 ٹیسٹ میچوں میں 42.49 کی اوسط سے 7 ہزار097 رنز بنائے ہیں۔
وہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، جن میں 19 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ان کا سب سے بڑا اسکور 302 رنز ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/i1CRlTp
No comments:
Post a Comment