اسلام آباد : نادرا نے بائیو میٹرک ڈیٹا کا مکمل کنٹرول صارفین کے ہاتھ میں دے دیا، ’بلاک بائیو میٹرک ڈیٹا ایکسیس‘ کے تحت صارف کی اجازت کے بغیر تصدیق ممکن نہیں ہوسکے گی۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے بائیو میٹرک ڈیٹا تک رسائی کو خود کنٹرول کرسکیں گے۔
ترجمان نادرا کے مطابق ’بلاک بائیومیٹرک ڈیٹا ایکسیس‘ فیچر فعال کرنے کے بعد کسی بھی ادارے یا مقام پر صارفین کے فنگر پرنٹس یا چہرے کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق نہیں ہوسکے گی، جب تک صارف خود موبائل ایپ میں جا کر اس کی اجازت نہ دے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کے حساس بائیو میٹرک ڈیٹا کو مزید محفوظ بنانا اور اس کا اختیار مکمل طور پر صارف کے ہاتھ میں دینا ہے۔
نئے فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا، جس کے بعد اوپر موجود مینیو میں جا کر “پروفائل سیٹنگز” سے “بلاک بائیو میٹرک ڈیٹا ایکسیس” کا انتخاب کرنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق بعض موبائل فونز میں اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے فنگر پرنٹس یا تصویر کے ذریعے تصدیق بھی طلب کی جاسکتی ہے۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ جب بھی کسی جگہ بائیو میٹرک تصدیق درکار ہو، صارف اس فیچر کو عارضی طور پر بند کرکے اجازت دے سکتا ہے، جبکہ تصدیق مکمل ہونے کے بعد دوبارہ اسے فعال کیا جاسکتا ہے تاکہ بائیو میٹرک معلومات محفوظ رہیں۔
نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام سے صارفین کو اپنی شناختی معلومات پر مزید اختیار حاصل ہوگا اور بائیو میٹرک ڈیٹا کے غیر ضروری استعمال کو روکا جاسکے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/tOieMab
No comments:
Post a Comment