کراچی: ٹی وی اور اسٹیج کے سینئر اداکار اور ہر دل عزیز شخصیت وکیل فاروقی آج کراچی میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی وی اور اسٹیج کے سینئر اداکار اور ہدایت کار وکیل فاروقی کا انتقال ہو گیا ہے، انھوں نے زندگی بھر ٹی وی اور اسٹیج پر کام کیا، پی ٹی وی کے کلاسیک سیریل آخری چٹان میں چنگیز خان کے بیٹے ’جوجی‘ کے تاریخی کردار سے بے حد مشہور ہوئے۔
وکیل فاروقی لکھاری بھی تھے، پی ٹی وی کے لیے کئی ڈرامے تحریر کیے، وہ 21 اگست 1948 کو پیدا ہوئے، علامہ اقبال کالج آف کامرس سیالکوٹ سے 1968 میں تعلیم مکمل کی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے وابستگی رہی، اس سے قبل ملتان آرٹس کونسل میں بھی کام کیا۔
مرحوم صاحب طرز اداکار تھے، ان کی آواز ان کی پہچان بنی، اپنے منفرد لب و لہجے کی بدولت ہی پی ٹی وی کے اُس دور میں اے کلاس کیٹیگری میں جگہ بنائی جب قد آور نام اس ادارے سے وابستہ تھے۔
وکیل فاروقی نے 1966 میں زمانہ طالب علمی ہی میں ریڈیو پاکستان کے بزم طلبہ میں شرکت کی اور گلوکاری سے آغاز کیا، تاہم اس کے بعد گانا چھوڑ کر اناؤنسر بنے اور صداکاری شروع کی۔ اس کے بعد پی ٹی وی کو جوائن کیا اور اپنے پہلے ڈرامے ’چور’ میں کام کیا۔ 1968 میں ایک لائیو پلے میں بھی کام کیا۔
وکیل فاروقی نے مشہور ڈراموں میں کام کیا، جن میں خدا کی بستی میں ایس ایچ او کا کردار، 73 میں منٹو راما کے دو کھیل، کارواں، خلیج، منڈی، تعبیر شامل ہیں۔ ان کا پہلا سیریل ’بہادر علی‘ تھا جس میں انھوں نے پہلوان کا کردار کیا تھا، اس کے بعد آخری چٹان کا کردار جوجی ان کی شناخت بن گیا۔
انھیں شکوہ تھا کہ بہادرعلی‘ اور آخری چٹان‘ میں ان کے کردار یقینی طور پر ایوارڈ کے مستحق تھے لیکن پی ٹی وی انتظامیہ نے انھیں نظر انداز کیا۔ گورنر سندھ نے 2012 میں ان کا نام پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے چنا مگر فائنل لسٹ میں نہ آ سکے۔
وکیل فاروقی کو سیاحت کا بھی شوق تھا، انھوں نے ستّر کی دہائی میں 45 ممالک کی سیاحت کی، ان میں مصر، یورپ، لاطینی امریکا، افغانستان، بلغاریہ وغیرہ شامل ہیں۔ مرحوم نے زندگی بھر شادی نہیں کی۔
The post آخری چٹان میں ’جوجی‘ کا تاریخی کردار ادا کرنے والے وکیل فاروقی انتقال کر گئے appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/39cWJpX
No comments:
Post a Comment