پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کا نام لینے پر مجھے دل میں بہت تکلیف ہوتی ہے۔
گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان حکومت جانے پر دن رات ماتم کر رہا ہے، میرا بس چلے تو عمران خان کا نام بھی نہ لوں، عمران خان کا نام لینے پر مجھے دل میں بہت تکلیف ہوتی ہے، میں آج کل عمران خان کا رونا دھونا سنتی ہوں، عمران خان کے رونے پر مجھے بچپن کے دن یاد آ جاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے جعلی خط آیا پھر عالمی سازش آگئی، ناکام ہونے پر عمران خان کہتے ہیں کہ میری جان کو خطرہ ہے، جب تک آپ حکومت میں تھے عوام پر قیامت توڑتے رہے، اس وقت کوئی خط تھا نہ سازش اور نہ کوئی جان کو خطرہ تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان ویڈیو سامنے لائیں پھر آپ کو شہباز شریف سے زیادہ سکیورٹی دیں گے، آپ نے نواز شریف کے کھانے میں کیا ملایا تھا کہ اس کے پلیٹ لیٹس گر گئے تھے، عمران خان کسی حادثے کا انتظار مت کرو اور ویڈیو سامنے لاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو وہ گھر والا ہوگا، جب عمران خان کہتا ہے کہ ڈالر اوپر گیا تو یہ اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کرتا ہے، عمران خان معیشت کے حوالے سے باردوی سرنگیں بچھا کر گیا ہے، عمران جاتے جاتے ملک کی معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہتا ہے کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبرز بلاک کر دیے ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے تمہارا نمبر بلاک نہیں کر دیا ہے، تم جس نمبر پر فون کرتے ہو اب وہ نمبر بدل گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جب عوام سے ووٹ مانگنے جائے گا تو رانگ نمبر کی آواز آئے گی، ابھی الیکشن الیکشن کی بات کرتے ہو اس وقت کراتے جب گھر جانے والے تھے، الیکشن الیکشن سب تمہارا ڈرامہ ہے، تمہاری کارکردگی کا کاغذ خالی ہے، عمران خان تمہارا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم ہوچکا، عمران خان اب تم کچھ نہیں کرو گے صرف نواز شریف کے منہ کی طرف دیکھو گے، نواز شریف الیکشن سے نہیں ڈرتا، ن لیگ عمران خان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تمہیں لندن سے بیٹھ کر مارا، نواز شریف نے تمہیں 4 سال کے اقتدار کے بعد پھر کنٹینر پر پہنچا دیا، اب الیکشن تب ہوں گے جب نواز شریف فیصلہ کریں گے، پاکستان کی سیاست کا محور نواز شریف ہے، توشہ خانہ اور بیت المال چوری کا حساب تو دینا ہوگا، عمران خان نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑا چلا لیا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/abscvIg
No comments:
Post a Comment