میلبرن ٹیسٹ، 317 کا ہدف، جیت کی راہ سے 3 قومی کھلاڑی پویلین لوٹ گئے - Pakiatani Media News

Breaking

Thursday 28 December 2023

میلبرن ٹیسٹ، 317 کا ہدف، جیت کی راہ سے 3 قومی کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

میلبرن ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کی جانب سے جیت کے لیے دیے جانے والے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگ میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یوں شاہینوں کو جیت کے لیے 317 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں تین قومی بیٹرز پویلین لوٹ چکے ہیں۔

اوپنر امام الحق کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا  ہے اور وہ ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہتے ہوئے 12 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ پہلی اننگ میں نصف سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق بھی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ کپتان شان مسعود دوسری اننگ میں بھی نصف سنچری بنانے کے بعد 60 رنز پر حریف ہم منصب کا شکار بن گئے۔ پیٹ کمنز نے دو جب کہ مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔

پاکستان کا اسکور تین وکٹوں پر 120 رنز ہے۔ شاہینوں کو جیت کے لیے 197 رنز درکار جب کہ سات وکٹیں باقی ہیں۔ کریز پر بابر اعظم 30 اور سعود شکیل 8 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

اس سے قبل چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ 6 وکٹوں پر 187 رنز سے آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مچل اسٹارک 96 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین شاہ اور میر حمزہ نے چار، چار جب کہ عامر جمال نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 318 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر ٹرافی سیریز میں آسٹریلیا کو پرتھ ٹیسٹ جیت کر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 سائیکل کا حصہ ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/zwSnCQD

No comments:

Post a Comment

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();