چور اور ڈاکوؤں سے گھر کو محفوظ رکھنے کے اہم اقدامات - Pakiatani Media News

Breaking

Sunday, 18 February 2024

چور اور ڈاکوؤں سے گھر کو محفوظ رکھنے کے اہم اقدامات

بہت سے شہروں اور دیہات میں چوری کی وارداتیں عام طور پر زیادہ سامنے آتی ہیں، جس کیلئے گھر والے ان چوروں سے محفوظ رہنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہیں۔

آج کے اس مضمون میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ اس موقع پر گھر کے افراد کو کیا کرنا چاہیے اور ایسے کیا اقدامات کیے جائیں کہ جس سے گھر میں چوری یا ڈکیتی کی واردات نہ ہونے پائے۔

کیا رات کے وقت کسی آہٹ سے آپ کی آنکھ کھل جاتی ہے یا آپ پہلے سے جاگ رہے ہیں تو اس بات کا یقین کرلیں کہ آپ اس چور کی آہٹ کو سن رہے ہیں یا آپ کو ایسا لگتا ہے جیسے کوئی آپ کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔

سب سے پہلے یہ یقین کرلیں کہ گھر میں واقعی کوئی چور موجود ہے اور اس کی صورت میں آپ کو بالکل خاموش رہنا چاہیے اور اس کی نشاندہی کے لیے چپکے سے گھر کے باہر جھانکیں کہ کیا آپ کو کوئی مشکوک چیز یا شخص نظر آرہا ہے؟

اس کے علاوہ کیا آپ کے گھر کے قریب کوئی نامعلوم گاڑی کھڑی ہے؟ یا گھر کا بیرونی دورازہ کھلا ہوا ہے؟ اس دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کو دیکھا نہیں جاسکتا۔

ہوسکتا ہے کہ آپ کو کچھ قدموں کی آہٹ، حرکت، یا دروازے کی کریک سنائی دے سکے تو انتظار کریں اور ان آوازوں کو غور سے سنیں، اگر آپ کو ایسا لگتا ہے کہ واقعی آپ کے گھر میں کوئی ہے۔ تو اب آپ کا اگلا قدم محفوظ رہنے کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کرنا ہے۔

اس کیلئے سامنے کا یا پچھلا دروازہ یا کوئی کھڑکی بھی کام آسکتی ہے جہاں سے آپ گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کرسکتے ہیں، اگر ایسا کرنا کوئی آپشن نہیں ہے تو پھر خود کو کسی کمرے یا باتھ روم میں بند کرلیں۔

اب آپ بالکل خاموش رہیں اور اندر چھپ کر پولیس سے فون پر رابطے کی کوشش کریں، چور شاید آپ کے گھر میں 10 منٹ سے زیادہ نہیں گزارے گا۔

 اگر گھر گھسنے والے کو پتہ نہیں چلتا ہے کہ آپ اندر ہیں، تو آپ تصادم سے بچیں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ محفوظ رہیں، اس لیے حرکت نہ کریں اور نہ ہی کوئی شور مچائیں، جیسے ہی آپ خود کو محفوظ سمجھیں اور چھپے ہوں تو فوراً پولیس کو کال کریں۔

یاد رکھیں، جب انہیں کال کریں، ہمیشہ پہلے اپنا پتہ (ایڈریس) دیں، اور چور کے حلیے کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کریں۔ اس وقت آپ جو کچھ بھی دیکھ سکتے ہیں اور بتا سکتے وہ مددگار ثابت ہوگا، اگر آپ باہر کھڑی چور کی گاڑی دیکھ سکتے ہیں، تو اس کا برانڈ، رنگ، اور نمبر پلیٹ یاد رکھیں۔

یاد رکھیں کہ چور کسی مکمل معلومات یا مخبری سے کسی گھر میں نہیں جاتے، وہ اپنے ہدف کا انتخاب بہت احتیاط سے کرتے ہیں اس لیے اپنے گھر کو کھلی جگہ بنائیں، گھر کے باہر لگے پیڑ پودے یا جھاڑیاں جو کھڑکی کے پاس ہوں ان کو تراش کر رکھیں۔

اندھیرا ہوتے ہی لان کی لائٹس جلا دیں۔ ہر جگہ کو روشن رکھیں، اس سے یہ تاثر رہتا ہے کہ گھر میں کوئی ہے اور چور نہیں چاہتے کہ جب وہ اندر جائیں تو کوئی وہاں موجود ہو۔

رات کو سونے سے پہلے تمام دروازے اور کھڑکیاں بند کر دیں اکثر لوگ اپنے باتھ روم کی کھڑکی بند کرنا بھول جاتے ہیں اور چور ان ہی باتوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اگر آپ کے گھر کے قریب کوئی درخت ہے تو اس شاخیں کاٹ دیں، تاکہ اس پر چڑھنا اور گھر کی کسی کھڑکی میں داخل ہونا ممکن نہ ہو سکے۔ اپنے تمام آلات اور سیڑھیوں کو ایک مقفل گیراج میں رکھیں اور انہیں کبھی بھی ادھر ادھر نہ رکھیں، کیونکہ وہ سب آپ کے گھر میں گھسنے کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں۔

گھر کے باہر بے ترتیب جگہوں پر چابیاں نہ چھپائیں، بہتر یہ ہے کہ آپ کسی ایسے پڑوسی کو دیں جس پر آپ اعتماد کرتے ہیں، جب آپ کسی نئے گھر یا اپارٹمنٹ میں جاتے ہیں تو اگر ممکن ہو تو تالے تبدیل کریں۔ یقینی بنائیں کہ آپ کے دروازے جدید اور قابل اعتماد نظر آتے ہیں، پرانے اور خراب دروازے جن کو توڑنا آسان ہے چوروں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

اس کے علاوہ گھریلو یا ذاتی نوعیت کی دستاویزات کی کاپیاں یا غیرضروری چیک اسی طرح نہ پھینکیں۔ چور آپ کے بارے میں مزید جاننے کے لیے آپ کے کوڑے دان کو چیک کر سکتے ہیں۔ لہٰذا، دستاویزات کو پھینکنے سے پہلے انہیں چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ دیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھر کے باہر لکھا ہوا نمبر واضح طور پر لکھا ہوا ہو اور اسے آسانی سے دیکھا جا سکے۔ اس طرح، پولیس حکام یا کوئی اور مدد گار آپ کے گھر کو آسانی سے تلاش کرسکے۔

یہ بات بھی ذہن نشین کرلیں کہ اگر آپ کے گھر کے باہر سیکیورٹی کیمرے نصب ہیں تو وہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتے کہ آپ کا گھر چوروں کا نشانہ نہیں بنے گا۔ سب کچھ ہونے کے باوجود ڈاکو کو ڈھونڈنے میں کیمرے کی فوٹیج مددگار ثابت ہوتی ہے لیکن وہ بھی کسی کارروائی سے باز نہیں آتے۔

بہت سے ڈکیتیاں اس وقت ہوتی ہیں جب لوگ چھٹی گزارنے کے لیے گھروں سے باہر ہوتے ہیں، لہٰذا چوروں کو یہ معلوم نہیں ہونا چاہئے کہ آپ طویل عرصے تک گھر سے نہیں جا رہے ہیں، جب بھی آپ نکلیں ایسا لگے کہ آپ واقعی گھر پر ہیں اپنے پڑوسیوں کو بتائیں کہ آپ جا رہے ہیں۔ ان سے کہیں کہ وہ اپنے گھر پر نظر رکھیں اور وقتاً فوقتاً اسے چیک کریں۔

یہ چیک کرنے کے لیے کہ آیا گھر میں فی الحال کوئی رہ رہا ہے یا نہیں جرائم پیشہ عناصر اکثر ڈاک بکس چیک کرتے ہیں اگر ڈاک باکس بھرا ہوا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اس وقت وہاں کوئی نہیں رہ رہا ہے اس لیے اپنے پڑوسی سے کہیں کہ وہ آپ کی ڈاک کو نکال کر رکھ لے۔

چور آپ کے گھر پر بھی نشان چھوڑ سکتے ہیں، مثال کے طور پر وہ دروازے میں پلاسٹک کی بوتل سے کٹی ہوئی پتلی پٹی ڈال سکتے ہیں، اگر یہ ایک یا دو دن دروازے پر رہتا ہے، تو یہ چور کو بتاتا ہے کہ گھر پر کوئی نہیں ہے، لہٰذا اپنے پڑوسی سے بھی ان چیزوں کو چیک کرنے کو کہیں۔

اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جب آپ کسی تفریحی مقام پر ہوں تو وہاں کی تصاویر پوسٹ نہ کریں۔ کیونکہ چور سوشل میڈیا کا استعمال بھی کرتے ہیں اور وہ اپنے طور پر بھی تحقیق کرتے ہیں۔

ہمیشہ یہ دکھاوا کریں کہ آپ گھر میں اکیلے نہیں ہیں، اپنے بچوں کو بھی سکھائیں کہ انہیں کبھی بھی دروازے پر ہونے والی دستک کا جواب نہیں دینا چاہئے اور نہ ہی اسے کسی کے سامنے کھولنا چاہئے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/UOJRZmM

No comments:

Post a Comment

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();