اسلام آباد: حج پالیسی سرکولیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ سے منظور کرانے کا فیصلہ واپس لےلیا گیا، سرکاری حج پیکج کے لیے تجویز بھی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حج پالیسی کابینہ اجلاس میں منظوری کےلیے پیش کرنےکی ہدایت کی ہے، وزیراعظم نے پہلے حج پالیسی کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری لینے کی اجازت دی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ احد چیمہ نے حج پالیسی سرکولیشن کے بجائے کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز دی تھی، وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھجوائی ہے۔
سرکاری حج پیکج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، حج کو ٹہ کے تحت پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حج کوٹہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ حج اسکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم ہوگا، حج پالسی میں اسپانسر شپ اسکیم بھی تجویز کی گئی ہے۔
گورنمنٹ اسکیم کے تحت اسپانسر شپ کا کوٹہ 5 ہزار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، پرائیویٹ اسکیم کے تحت کوٹہ 25 ہزار مختص کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، نئی حج پالیسی میں ایک ہزار کوٹہ ہارڈشپ کے لیے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع نے مزید بتایا کہ پالیسی میں 300 کا کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدن مزدوروں کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ طویل دورانیے کا حج 38 سے 42 اور مختصر دورانیے کا حج 20 سے 25 روز پر محیط ہوگا، عازمین حج کےلیے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/dA8w5IE
No comments:
Post a Comment