میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ گلی محلے میں جاکر گٹر کے ڈھکن کی رکھوالی میرا کام نہیں ہے۔
کراچی شہر کے اکثر علاقوں میں مین ہول کھلے اور انتظامیہ کی آنکھیں بند ہیں، شاہ فیصل کالونی کا 8 سالہ عباد بھی لاپرواہی کی بھینٹ چڑھ گیا، بچے کو آہوں سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
تاہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ میں گٹر کے ڈھکن چوری نہیں کرتا اس کی رکھوالی کرنا میرا کام نہیں ہے، کل کا واقعہ افسوسناک ہے لیکن اس سے زیادہ افسوسناک یہ بات ہے جو اس پر سیاست کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کباڑیے چوری کا لوہا خریدتے ہیں، کباڑی مارکیٹ میں کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔
ایم کیو ایم اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشید نے جواباً کہا کہ قبضہ میئر صاحب! باتوں کے ٹورنامنٹ بند کرو، کام کرو، مقامی اور صوبائی حکومت آپ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ کو گٹر کا ڈھکن لگانے کے لیے امریکا کی صدارت چاہیے، میئر کراچی اور وزیر بلدیات سلیم اللہ، کلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 سال کا عباد چوتھی جماعت کا طالب علم تھا اور عقیقے کی تقریب کے دوران کھلے مین ہول میں گرا اور قیمتی زندگی سے محروم ہوگیا۔
مزید پڑھیں : کراچی میں کھلا مین ہول ایک اور بچے کی جان نگل گیا
بچے کے کمسن دوست نے کہا کہ دوست اللہ کو پیارا ہوگیا، حکومت سنتی ہی نہیں پتا نہیں کتنے بچے شہید ہوگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علاقہ مکین نے کہا کہ کیا ہم اپنے بچوں کو گٹروں میں ڈوب کر مرنے دیں گے، یہ ٹاؤن انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت ہے نہ تو وہ گٹر کے ڈھکن لگاتے ہیں بلکہ صفائی ستھرائی بھی نہیں ہوتی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں جو بھی ملوث ہے اس کے خلاف کارروائی کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ucNgehv
No comments:
Post a Comment