چیمپئنزٹرافی فائنل کے دوران اڑنے والے کیوی فیلڈر گلین فلپس کے ایک اور شاندار کیچ نے شائقین سمیت کمنٹیٹرز کو بھی حیران کردیا۔
بھارت نے چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں کامیابی حاصل کی مگر یہ ٹورنامنٹ شاید گلین فلپس کے شاندار اور ناقابل یقین کیچز کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا، اڑنے والے کیوی گلین فلپس نے چیمپئنزٹرافی فائنل میں ایک بار پھر سب کو حیران کیا، انھوں نے شبمن گل کا ناممکن کیچ لیا تو شائقین اور بیٹر کو یقین ہی نہ آیا۔
میچ کے19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر گلین فلپس ہوا میں اڑتے ہوئے گیند پر ایسے جھپٹے کہ شبمن گل حیران رہ گئے اور ان کی طرف دیکھتے رہے۔
کیوی اسپنر مچل سینٹنر کی گیند پر شبمن گل نے گیند کو کور کی طرف کھیلا، یہ ایک اچھا شاٹ تھا اور انھوں نے فلپس کے سرکے اوپر سے بال کو گزارنا چاہا تھا، تاہم فلپس شائقین کو حیران کرنے پر تلے ہوئے تھے اور انھوں نے لمحوں میں گیند کو تھام کر ایک اور شاندار کیچ لیا۔
ان کے اس بہترین کیچ کی وجہ سے بھارتی اوپننگ شراکت کا اختتام ہوا، شبمن گل 50 بالز پر 31 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
خیال رہے کہ چیمپئنزٹرافی کے دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/FfCpHV7
No comments:
Post a Comment