’ایک بار لگائیں، 100 سال چلائیں‘: توانائی کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والی بیٹری متعارف - Pakiatani Media News

Breaking

Saturday, 11 April 2026

’ایک بار لگائیں، 100 سال چلائیں‘: توانائی کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والی بیٹری متعارف

(11 اپریل 2026): ایک ایسی بیٹری متعارف کروائی گئی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ایک صدی سے زیادہ عرصے تک استعمال کی جا سکتی ہے۔

انٹرسٹنگ انجینئرنگ نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی مواد بنانے والی امریکی کمپنی نے ایک ایسی ’سولڈ اسٹیٹ‘ بیٹری بنائی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ بغیر کسی دیکھ بھال (Maintenance) کے ایک صدی سے زیادہ عرصے تک مسلسل بجلی فراہم کر سکتی ہے۔

بیٹری خاص طور پر ان الیکٹرانک آلات کیلیے بنائی گئی ہے جو بہت کم بجلی استعمال کرتے ہیں اور ایسی جگہوں پر نصب ہوتے ہیں جہاں بار بار جانا یا ان کی مرمت کرنا مشکل ہوتا ہے۔

این آر ڈی نامی کمپنی کے مطابق اس کی NBV سیریز کی بیٹریاں (Nickel-63) نامی مادہ استعمال کرتی ہیں، یہ مادہ تابکاری کے اخراج کے ذریعے بجلی پیدا کرتا ہے، اس ٹیکنالوجی کو ’بیٹا وولٹیک‘ ڈیزائن کہا جاتا ہے جو تابکاری سے نکلنے والی توانائی کو براہ راست برقی رو میں تبدیل کر دیتا ہے، عام بیٹریوں کے برعکس یہ بیٹریاں دہائیوں تک مسلسل بجلی فراہم کرتی رہتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ چھوٹی سی بیٹری 5 سے 500 نینو واٹ تک بجلی فراہم کر سکتی ہے، یہ اتنی کم بجلی ہے جو صرف خاص قسم کے سینسرز، ڈیٹا ریکارڈ کرنے والے سسٹم اور مانیٹرنگ آلات کیلیے موزوں ہے جنہیں مسلسل لیکن معمولی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

کمپنی کے سی ای او شیل الفیرو نے کہا کہ اگر کسی اہم مشن کے دوران بیٹری فیل ہو جائے تو پورا سسٹم ناکام ہو جاتا ہے، ہماری یہ بیٹری ان جگہوں کیلیے بہترین حل ہے جہاں بیٹری بدلنا ممکن نہیں ہوتا۔

اس بیٹری کو صنعتی نگرانی، ماحولیاتی سینسرز، سکیورٹی سسٹمز اور مصنوعی ذہانت پر چلنے والے ان پلیٹ فارمز کیلیے استعمال کیا جا سکے گا جنہیں ہر وقت آن رہنے کیلیے تھوڑی سی بجلی درکار ہوتی ہے۔

کمپنی کے پاس ایٹمی مواد کے استعمال کا دہائیوں کا تجربہ ہے تاہم سی ای او نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ یہ بیٹریاں عام مارکیٹ میں کب دستیاب ہوں گی۔

اگرچہ 100 سال کا دعویٰ (Nickel-63) کی طبعی عمر پر مبنی ہے لیکن اس کی اصل کارکردگی کا آزادانہ طور پر تجربہ کیا جانا ابھی باقی ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/w1OrISR

No comments:

Post a Comment

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();