اسلام آباد(22 مئی 2026): پاکستان کسٹمز نے مئی 2026 کے پہلے دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف سخت ترین کارروائیاں کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کا سامان اور گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کسٹم انفورسمنٹ کے چیف کلکٹر باسط مقصود عباسی کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کے 9 کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انتہائی موثر کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3 ارب 71 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء اور گاڑیاں قبضے میں لی گئی ہیں۔
مختلف شہروں میں کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق کسٹم انفورسمنٹ گڈانی نے سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 85 کروڑ 30 لاکھ روپے کا اسمگل شدہ سامان پکڑا۔ اس دوران 35 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے 20 لاکھ ایک ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی، 6 کشتیاں تحویل میں لی گئیں اور ایک لاکھ 58 ہزار لیٹر ذخیرہ شدہ ڈیزل بھی ضبط کیا گیا۔
کسٹم انفورسمنٹ سرگودھا نے مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے کا سامان ضبط کیا، جس میں 9 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ پیاز بھی شامل ہے۔
کسٹم انفورسمنٹ کوئٹہ نے کارروائیوں کے دوران 69 کروڑ 30 لاکھ روپے کا اسمگل شدہ مال برآمد کیا، کسٹم انفورسمنٹ ملتان نے 47 کروڑ 20 لاکھ روپے کا سامان ضبط کیا، جس میں ساڑھے 20 کروڑ روپے مالیت کے غیر قانونی سگریٹ شامل ہیں۔
کسٹم انفورسمنٹ کراچی نے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا۔کسٹم انفورسمنٹ پشاور نے کارروائیوں کے دوران 20 کروڑ 20 لاکھ روپے کا مال پکڑا۔
کسٹم انفورسمنٹ اسلام آباد نے 18 کروڑ 20 لاکھ روپے کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کیں اور سگریٹ و دیگر اشیاء کی اسمگلنگ میں ملوث لگژری گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا۔
کسٹم انفورسمنٹ لاہور نے 9 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اسمگل شدہ سامان قبضے میں لیا۔کسٹم انفورسمنٹ حیدرآباد نے کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ 60 لاکھ روپے کا مال برآمد کیا۔
پاکستان کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اسمگلروں اور غیر قانونی سامان کی نقل و حمل کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ اسی طرح پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/UfgX75a
No comments:
Post a Comment