میئر کراچی مرتضی وہاب کی کرسی خطرے میں ہے، منعم ظفر - Pakiatani Media News

Breaking

Friday, 16 October 2026

میئر کراچی مرتضی وہاب کی کرسی خطرے میں ہے، منعم ظفر

کراچی کو اس وقت کئی بنیادی اور انتظامی مسائل کا سامنا ہے جن میں سرفہرست ٹوٹی پھوٹی سڑکیں تباہ حال انفرااسٹرکچر، صفائی اور نکاسی آب کا شدید فقدان ہے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مزید ایک دن بھی اس منصب پر نہیں رہنا چاہیے، کیونکہ شہر میں صفائی، سیوریج اور بنیادی شہری سہولتوں کے مسائل بدستور موجود ہیں۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ و برباد کردیا بلکہ ان کی بدانتظامی اور کرپشن نے شہر کو مسائلستان بنا دیا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہر کے بڑے حصے میں کچرے کے ڈھیر، سیوریج کے مسائل اور خستہ حال سڑکیں شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جاسکتیں اور مسائل حل نہیں کیے جاسکتے تو پھر اقتدار میں رہنے کا جواز بھی باقی نہیں رہتا۔

مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد

منعم ظفر نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کیے ہیں اور کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام اور پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے ارکان اس وقت تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرتے تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں منعم ظفر نے کہا کہ چند اہم شاہراہوں کو چھوڑ کر شہر کا بیشتر انفراسٹرکچر تباہ حالی کا شکار ہے، ترقیاتی کام مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو رہے جبکہ بدانتظامی اور کرپشن نے شہری مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ شاہراہ فیصل سمیت چند مخصوص علاقوں میں صورتحال نسبتاً بہتر دکھائی دیتی ہے، تاہم شہر کے دیگر علاقوں میں جائیں تو انفراسٹرکچر کی خستہ حالی واضح نظر آتی ہے۔

منعم ظفر نے اپنی گفتگو میں سندھ حکومت سے کراچی کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ 26 کلومیٹر طویل شاہراہ پر ساڑھے پانچ سال سے زیر تعمیر ہے، مگر تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ اسی طرح کے فور منصوبے کی تاریخ بھی طویل تاخیر سے عبارت ہے۔

منعم ظفر کے مطابق کے فور منصوبہ 2003 میں شروع ہوا تھا، تاہم بعد میں اس کے ڈیزائن اور تکنیکی امور سے متعلق مسائل سامنے آئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ منصوبے میں غلط لائن ڈالے جانے کے باعث تقریباً 16 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے پانی جیسے بنیادی مسئلے سے متعلق منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔

گلشن اقبال ٹاؤن میں کارکردگی کا دعویٰ

منعم ظفر نے اپنی جماعت کے زیر انتظام ٹاؤنز میں ہونے والے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال ٹاؤن میں گزشتہ عرصے کے دوران متعدد ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ٹاؤن کے تمام تعلیمی اداروں کو ترقی دی گئی، 34 میں سے 24 پارکس کو اپ گریڈ کیا گیا جبکہ نوجوانوں کے لیے دو یوتھ سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی کے مسائل پر حافظ نعیم کی توجہ سے متعلق جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ حافظ نعیم الرحمان کے لاہور منتقل ہونے کے بعد کراچی کے مسائل پر جماعت اسلامی کی آواز کمزور ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان آج بھی کراچی کے مسائل کو اہمیت دیتے ہیں اور پارٹی کی پوری ٹیم شہر کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حالیہ عرصے میں پٹرول کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے خلاف بھی آواز بلند کی اور گورنر ہاؤس کراچی کے باہر 35 روز تک احتجاج کیا۔

اگلا میئر کراچی جماعت اسلامی سے ہوگا، منعم ظفر کا دعویٰ

کراچی کے آئندہ میئر کے حوالے سے سوال پر منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی سیاسی معرکے میں بھرپور حصہ لے گی اور ان کی جماعت کا ہدف کراچی کی بلدیاتی قیادت حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ کے امکانات کا فیصلہ وقت آنے پر باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/kWVQP3a

No comments:

Post a Comment

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();