بلوچستان حکومت نے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے دوران جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ایران نے آگ بجھانے کیلئے جہاز فراہم کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے ژوب میں میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے وفاقی حکومت کی خصوصی کوششوں سے دوست ملک ایران نے جہاز فراہم کردیا، جو جلد شیرانی میں ریسکیو آپریشن شروع کردیگا جبکہ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے اور شیرانی میں پی ڈی ایم اے نے امدادی کیمپ قائم کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بجھانے کے دوران شہید ہونیوالے 3 افراد کے لواحقین کیلئے 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا اور وفاقی حکومت بھی شہداء اور زخمیوں کیلئے امداد کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے اس موقع پر کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ اور ہنگامی صورتحال کو قابو کرنے کیلئے اقدامات کئے اور مجھے فوکل پرسن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ شیرانی میرا اپنا حلقہ انتخاب بھی ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کے بھی مشکور ہیں، اسی جذبے کے تحت انشاء اللہ ہم جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کے اقدامات کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر و فوکل پرسن مولانا عبدالواسع، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
from Samaa - Latest News https://ift.tt/Xk1dUew
via IFTTT
No comments:
Post a Comment