واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستانی فوج پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں سے متعلق سوال پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پر تشدد، انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں پاکستان کے ساتھ ہمارا مشترکہ مفاد ہے۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ طالبان پر زور دیتے رہتے ہیں کہ وہ یقینی بنائیں افغان سرزمین سے دہشتگرد حملے نہ ہوں، پاکستان ہمارا ایک قریبی شراکت دار ہے، ہم پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے سمیت متعدد اہم معاملات پر کام کر رہے ہیں۔
بنوں کنٹونمنٹ پر گزشتہ روز 10 دہشتگردوں کے گروپ نے حملہ کیا لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ حملہ ناکام بنا دیا۔ اس خودکش حملے میں بنوں کنٹونمنٹ کی دیوار کا ایک حصہ مسمار ہوا۔
دہشتگردوں کے خودکش حملے میں 8 اہلکار شہید ہوئے جبکہ فورسز نے جان پر کھیلتے ہوئے تمام 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
حملے میں شہید ہونے والوں میں پونچھ کے رہائشی نائب صوبیدار محمد شہزاد، وادی نیلم سے تعلق رکھنے والے حوالدار احمد شہید، ضلع خوشاب کے حوالدار ظل حسین شاہ اور ضلع لکی مروت کے لانس نائیک سبز علی خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ شامل شہید سپاہی اشفاق حسین کا تعلق ضلع مظفر آباد، شہید ارسلان اسلم ضلع بہاولپور، سپاہی سبحان مجید بلوچ مظفر آباد اور شہید سپاہی امتیاز خان کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔
دہشتگرد حملہ حافظ گل بہادر گروپ کی جانب سے کیا گیا۔ یہ گروپ افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کروا رہا ہے۔
پاکستان بارہا عبوری افغان حکومت سے ضروری اقدامات کرنے اور دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال کرنے سے روکنے کے لیے ان گروپس کے خلاف موثر کارروائی کرنے کا کہہ چکا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ltKDexh
No comments:
Post a Comment