آج ملک بھر میں یوم عاشور سخت سیکیورٹی میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، ملک کے تمام شہروں میں شہدائے کربلا کی یاد میں ماتمی جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جاں نثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
کراچی میں ایم اے جناح روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے، لاہور، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، ہزاروں پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے عزاداروں کی حفاظت پر مامور ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا، کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر بند کر دی گئی ہے اور شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔ پنجاب بھر میں آج صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، کوئٹہ میں 10 محرم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، اسلام آباد میں مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوگا۔
یوم عاشور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی میدان کربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے، یہ دن بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولؐ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ضروری ہے کہ ہم اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fxtZlEW
No comments:
Post a Comment