ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شخصیت خصوصاً اس کا چہرہ پر کشش اور جاذب نظر ہو اس سلسلے میں خواتین بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں۔
اسی لیے خواتین اپنے حسن کو نکھارنے کے لیے نت نئے طریقے اور نسخے آزماتی ہیں، کبھی کسی کریم کا استعمال کرتی ہیں، تو کبھی کسی ٹوٹکے کا۔
خوبصورت چہرہ اور اس پر سیاہ حلقے چاند پر داغ کی مانند ہوتے ہیں، جہاں سیاہ حلقے آپ کے خوبصورت چہرے کی چمک کو کم کرتے ہیں وہیں یہ آپ کے خود اعتمادی کو بھی متاثر کرتے ہیں لیکن چند گھریلو ٹوٹکوں کو اپنا کر آپ آسانی سے سیاہ حلقوں سے چھٹکارا پا سکتی ہیں۔
آنکھوں کے سیاہ حلقوں کی بہت سی وجوہات ہیں، جن میں سب سے بڑی وجہ نیند کا پورا نہ ہونا ہے۔ اس کے علاوہ موبائل کا بے جا استعمال اور صبح سے شام تک کمپیوٹر کی اسکرین پر نظریں جما کے رکھنا بھی آنکھوں کے ان حلقوں کا باعث بنتا ہے۔
سیاہ حلقے کیوں ہوتے ہیں؟:
سب سے پہلے ان وجوہات کو جاننا ضروری ہے جن کی وجہ سے آپ کے خوبصورت چہرے پر سیاہ دھبے نمایاں ہوتے ہیں، ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سیاہ حلقوں کی سب سے بڑی وجہ نیند کی کمی ہے، کسی بھی وجہ سے مسلسل نیند نہ لینے کی وجہ سے آپ کی آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے نمودار ہوتے ہیں۔”
اس کے علاوہ بہت سے لوگوں میں سیاہ حلقے موروثی ہوتے ہیں، خشک جلد اور غیر صحت بخش خوراک کے ساتھ ساتھ بڑھتی عمر بھی سیاہ حلقوں کی بڑی وجہ ہوسکتی ہے۔
نیند پوری لیں اور یوگا کریں :
سیاہ حلقوں کو دور کرنے کے بہت سے گھریلو ٹوٹکے ہیں لیکن چاہے وہ مرد ہو یا عورت، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ پوری نیند لیں اور نارمل ورزش کے ساتھ یوگا بھی کرتے رہیں، اس عمل سے جسم میں خون کا بہاؤ ہموار اور جسم کو توانائی ملتی ہے۔
سیاہ حلقوں کا آسان علاج:
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ آنکھوں کے علاج کے لیے رات کو سونے سے قبل بادام کا تیل لگائیں، یہ وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔”
کھیرے کے کٹے ہوئے ٹکڑے آنکھوں پر رکھنے سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے، کھیرے کو اینٹی آکسیڈنٹس کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔ کھیرے میں وٹامن سی اور وٹامن کے وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو آنکھوں کے نیچے کی جلد کو سکون دیتا ہے اور خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔
آلو اور ایلو ویرا بھی استعمال کریں :
آلو کے ٹکڑے بھی آنکھوں پر لگائے جا سکتے ہیں۔ یہ آنکھوں کے نیچے جلد کو ہائیڈریٹ کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن سی اور وٹامن اے بھی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایلو ویرا جیل کا استعمال بھی فائدہ مند ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ایلو ویرا جیل لگائیں، اس سے جلد نرم ہو جائے گی اور سیاہ حلقے بھی ختم ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ ٹھنڈا دودھ سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، آنکھوں کے نیچے کی جلد کو ٹھنڈے دودھ سے مساج کرنے سے سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔
موبائل اور کمپیوٹر اسکرین :
آج موبائل، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر بہت عام چیزیں بن چکے ہیں، گھر سے دفتر تک گھنٹوں ان سے نمٹنا پڑتا ہے۔ ایسے میں یہ بات سامنے آرہی ہے کہ موبائل اور کمپیوٹر اسکرین کو زیادہ دیر تک دیکھنے کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے کی جلد خشک ہونے لگی ہے۔
موبائل یا ٹی وی اسکرین کا وقت متعین کریں اور کچھ دیر کے لیے موبائل اور کمپیوٹر اسکرین سے دور رہیں، اس کے علاوہ مناسب مقدار میں پانی پی کر جسم کو ہائیڈریٹ رکھیں اور تازہ پھلوں کا بھی استعمال کریں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/VZcQyG1
No comments:
Post a Comment